باکو: پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فائٹر محمد جواد نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس اینڈ پینکریشن چیمپئن شپ کی انڈر 15 کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کر دیا ہے۔
باکو میں منعقدہ اس عالمی چیمپئن شپ کے دوران محمد جواد نے انتہائی سخت مقابلوں کے بعد انڈر 15 پینکریشن (Pankration) کیٹیگری میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ ٹائٹل کے حصول کے سفر میں پاکستانی فائٹر نے عالمی سطح کے مضبوط حریفوں کو چاروں شانے چت کیا اور روس، قازقستان اور میزبان آذربائیجان کے فائٹرز کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔
نوجوان فائٹر محمد جواد کی یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، کیونکہ وہ اس سے قبل رواں برس ہی انڈر 16 ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ عالمی مقابلے میں ان کی اس فتح نے پاکستان کو مارشل آرٹس کے بین الاقوامی نقشے پر نمایاں مقام دلایا ہے۔
واضح رہے کہ آذربائیجان میں جاری اس میگا ایونٹ میں دنیا کے تقریباً 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار کے قریب کھلاڑی ایکشن میں ہیں اور مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں، جبکہ پاکستان کی جانب سے تین فائٹرز مختلف کیٹیگریز میں قومی پرچم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کی اس تاریخی کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر طلائی تمغہ جیتنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں مارشل آرٹس کا مستقبل بے حد روشن ہے اور مناسب سرپرستی ملنے پر ہمارے نوجوان کھلاڑی دنیا بھر میں ملک کا نام مزید روشن کر سکتے ہیں۔

