واشنگٹن: امریکا بھر میں تھینکس گیونگ کی سالانہ تعطیلات کے موقع پر فضائی اور زمینی سفر کا سلسلہ پورے زور و شور سے جاری ہے، تاہم ملک کی مختلف ریاستوں میں متوقع طوفانوں کے سلسلے، پروازوں میں تاخیر اور ریکارڈ مہنگے ایندھن کے باعث لاکھوں امریکی مسافروں کو شدید مشکلات اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’نیوز نیشن‘ کی رپورٹ کے مطابق تھینکس گیونگ کے مصروف ترین سفری ایام کے دوران موسم کی خرابی، طوفانی بارشوں اور ایئرپورٹس پر گراؤنڈ ڈیلے کے خدشات نے مسافروں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ رپورٹ میں واشنگٹن ڈی سی کے یونین اسٹیشن سمیت ملک کے مختلف بڑے ٹرانسپورٹ مراکز پر مسافروں کے غیر معمولی رش کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہونے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست پڑنے کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب امریکن آٹوموبائل ایسوسی ایشن (اے اے اے) کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں برس گزشتہ سالوں کے مقابلے میں تھینکس گیونگ کی تعطیلات منانے کے لیے سڑک کے راستے سفر کرنے والے امریکی شہریوں کی مجموعی تعداد میں معمولی کمی متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کمی کی ایک بڑی وجہ موسمی لحاظ سے پٹرول اور ایندھن کی ریکارڈ بلند قیمتیں ہیں، جس نے متوسط طبقے کے خاندانوں کو طویل مسافت کے زمینی سفر کے منصوبوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور کیا ہے۔
فضائی سفر کے حوالے سے رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ مسافر نہ صرف موسم کی خرابی بلکہ تکنیکی مسائل کے خدشات سے بھی دوچار ہیں۔ یاد رہے کہ رواں ماہ نومبر کے وسط میں نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر اس وقت شدید افراتفری پھیل گئی تھی جب ایئر ٹریفک کنٹرول کی کمیونیکیشن کیبلز کو اپ گریڈ کرنے کے دوران ہونے والی فنی خرابی کے باعث ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ اور ’نو ٹیک آف‘ آرڈر جاری کرنا پڑا تھا۔ اس تکنیکی تعطل کی وجہ سے ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئی تھیں اور معمولات بحال ہونے میں کئی دن لگ گئے تھے، جس کے اثرات اور خدشات اب تھینکس گیونگ کے رش کے دوران بھی فضائی مسافروں کے ذہنوں پر سوار ہیں۔
یادرہے کہ تھینکس گیونگ سفر (Thanksgiving Travel) سے مراد امریکہ (اور کینیڈا) میں ہر سال نومبر کے چوتھے جمعرات کو منائے جانے والے تہوار تھینکس گیونگ (Thanksgiving Day) کے موقع پر لاکھوں لوگوں کا اپنے گھروں، رشتہ داروں یا تعطیلات منانے کی جگہوں کی طرف سفر کرتے ہیں اور مل کررات اور دیگر کھانے اکٹھے کھاتے ہیں۔

