پشاور: سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے والے انتہائی مطلوب خوارجی خمیم عرف راؤف خیبری کو تین ساتھیوں سمیت جہنم واصل کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر باڑہ میں کی جانے والی اس کارروائی میں فتنۃ الخوارج کے چار دہشت گرد مارے گئے، جن میں سرغنہ خمیم عرف راؤف خیبری بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام نشر کیا تھا جس میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا خارجی راؤف خیبری سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد سنگین دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے انتہائی مطلوب تھا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان کی بحالی اور فتنۃ الخوارج کے باقی ماندہ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا۔

