اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے حکومتی وفد نے ہفتے کے روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی، نئے صوبوں سے متعلق تجاویز اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر کارروائی سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہفتے کے روز ہونے والی اس اہم سیاسی بیٹھک میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی شریک ہوئے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی معاونت سینئر رہنماؤں سینیٹر شیری رحمان اور سید نوید قمر نے کی۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق دونوں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس کی حکمتِ عملی اور مجوزہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تفصیلی مشاورت کی۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مارے گئے چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھایا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ وہ اس حساس معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیں۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری مسلسل حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ سیاسی محاذ آرائی کو کم کر کے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ افہام و تفہیم اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان حالیہ کشیدگی میں اضافہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق مولانا کے سخت بیانات کے بعد ہوا تھا۔ ان بیانات کے بعد مولانا فضل الرحمان، ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی و انتظامی تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جسے جے یو آئی نے سیاسی انتقام اور کریک ڈاؤن قرار دیا جبکہ حکومت نے ان الزامات کو بے بنیاد ٹھہرایا تھا، تاہم ہفتے کے روز ہی کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل بھی کر دیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں موجودہ سیاسی درجہ حرارت، نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گردش کرنے والی مجوزہ تجاویز اور آئندہ کے مشترکہ سیاسی لائحہ عمل پر بھی اہم مشاورت کی گئی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہفتے کے روز ہی صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ایک گھنٹے سے زائد طویل ملاقات کی، جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے اور اس میں بھی ملکی سیاسی صورتِ حال و صوبوں سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔
واضح رہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے ایک بیان سے شروع ہوئی تھی، جو حالیہ دنوں میں ان ہی کی جانب سے اس معاملے پر ریفرنڈم کرانے کے مطالبے کے بعد ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں بالخصوص سندھ کی تقسیم کی شدید مخالفت کرتے ہوئے خبردار کر چکے ہیں کہ صوبے کی جبری تقسیم کی کوشش کی گئی تو خونریزی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

