فینکس: امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق ایف بی آئی ایجنٹ جینیفر کوفنڈافیر نے ٹوڈے شو کی اینکر سوانا گتھری کی والدہ نینسی گتھری کی گمشدگی سے متعلق تازہ تفتیشی پیش رفت کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کے حل ہونے میں توقع سے کہیں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوراسی سالہ نینسی گتھری یکم فروری 2026 کو ایریزونا کے شہر ٹکسن کے قریب واقع اپنے گھر سے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھیں، اور قریباً دس ماہ گزر جانے کے باوجود تاحال کسی ملزم کی عوامی سطح پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پیما کاؤنٹی کے شیرف کرس نینوس نے ایک انٹرویو میں تفتیش کے دائرہ کار کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ تفتیش کار ڈارک ویب اور عالمی سطح سے متعلق پہلوؤں سے بھی نمٹ رہے ہیں، تاہم حکام نے تاحال کسی بین الاقوامی تعلق یا ڈارک ویب پر ملنے والی کسی مخصوص لِڈ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
سابق ایف بی آئی ایجنٹ جینیفر کوفنڈافیر نے سوشل میڈیا اور انٹرویوز میں اپنے تجزیے کے دوران کہا کہ شیرف کے بیان سے دو ممکنہ پہلو سامنے آتے ہیں؛ یا تو تفتیش کار مقامی ملزمان تک نہیں پہنچ سکے اور دائرہ کار ایریزونا سے باہر بڑھا رہے ہیں، یا پھر انہیں کسی ٹیکنالوجی کے ماہر ملزم کے شواہد ملے ہیں۔ ان کے بقول اگر اس کیس کے بین الاقوامی اثرات ہوئے تو کسی مقامی یا عام جرم کے مقابلے میں اسے حل کرنا کہیں زیادہ دشوار ہو جائے گا۔
دوسری جانب شیرف کرس نینوس نے اکتوبر کے آخر میں بتایا تھا کہ ٹاسک فورس ڈی این اے تجزیے کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مختلف لیبارٹریز کے ساتھ کام کر رہی ہے، جبکہ جعلی تاوان کے پیغامات سمیت متعدد غیر مصدقہ اطلاعات کی بھی جانچ کی گئی ہے۔ نینسی گتھری کی بازیابی کے لیے خاندان کی جانب سے دس لاکھ ڈالر اور ایف بی آئی کی جانب سے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے، جبکہ یکم فروری 2027 کو ان کی گمشدگی کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔

