واٹس ایپ(whatsapp) نے صارفین کا طویل انتظار ختم کرتے ہوئے میسجز شیڈول کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا، اب صارفین 14 دن پہلے تک ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کا وقت مقرر کرسکیں گے۔
معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک اہم اور کارآمد سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنے پیغامات پہلے سے شیڈول کرسکیں گے اور وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر خودکار طور پر وصول کنندہ تک پہنچ جائیں گے۔
میٹا کی ملکیت میں موجود واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں میں پیغامات بھیجنے کا وقت طے کرسکیں گے۔ اس سہولت کے تحت پیغام کم از کم 10 منٹ اور زیادہ سے زیادہ 14 دن پہلے شیڈول کیا جاسکے گا۔ نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین صرف تحریری پیغامات ہی نہیں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بھی مقررہ وقت پر بھیجنے کے لیے شیڈول کرسکیں گے۔
موبائل فون بند ہو تب بھی پہنچ جائے گا پیغام
اس فیچر کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ پیغام بھیجنے والے کا موبائل فون بند ہونے، بیٹری ختم ہونے یا انٹرنیٹ سے منقطع ہونے کے باوجود شیڈول کیا گیا پیغام مقررہ وقت پر خودکار طور پر بھیج دیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:ٹرمپ کو دوسری بار شکست! عدالت نے بڑا حکم نامہ روک دیا
اس سہولت سے خصوصاً ان افراد کو فائدہ ہوگا جو مختلف ممالک اور ٹائم زونز میں رہنے والے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اب انہیں سالگرہ یا کسی خاص موقع پر مبارک باد دینے کے لیے رات گئے تک جاگنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
واٹس ایپ پر پیغام شیڈول کیسے کریں؟
نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو پیغام لکھنے کے بعد سینڈ بٹن کو کچھ دیر دبا کر رکھنا ہوگا، جس کے بعد پیغام کی ترسیل کے لیے تاریخ اور وقت منتخب کرنے کا آپشن سامنے آئے گا۔ صارف اپنی پسند کے مطابق وقت اور تاریخ منتخب کرکے پیغام شیڈول کرسکے گا، جس کے بعد وہ خودکار طور پر مقررہ وقت پر بھیج دیا جائے گا۔
صارفین کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ پیغام بھیجے جانے سے پہلے اپنے شیڈول کیے گئے میسجز دیکھ سکیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں منسوخ بھی کرسکیں۔ واٹس ایپ کے مطابق وصول کنندہ کو شیڈول کیے گئے پیغامات عام پیغامات کی طرح موصول ہوں گے، جبکہ ذاتی پیغامات اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گے۔
پاکستانی صارفین کو کب دستیاب ہوگا نیا فیچر؟
واٹس ایپ کی جانب سے یہ اپ ڈیٹ آئندہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر میں اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کی جائے گی۔ تاہم کمپنی نے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں اس فیچر کی دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ صارفین کو ممکن ہے کہ ایپ اپ ڈیٹ کرنے کے باوجود اس سہولت کے حصول کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ ٹیلی گرام سمیت بعض دیگر میسجنگ پلیٹ فارمز پر پیغامات شیڈول کرنے کی سہولت پہلے سے موجود ہے، تاہم واٹس ایپ صارفین کو اب تک اس مقصد کے لیے تھرڈ پارٹی ایپس یا متبادل طریقے استعمال کرنا پڑتے تھے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واٹس ایپ نے حال ہی میں گروپ چیٹ میں اراکین کی تعداد 1 ہزار 24 سے بڑھا کر 1 ہزار 500 کرنے کا عمل بھی شروع کیا ہے۔

