لاہور: ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی سپلائی میں نمایاں بہتری آنے کے بعد صارفین کو بڑا ریلیف مل گیا ہے اور اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 سے 80 روپے فی کلوگرام تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سپلائی بحال ہونے کے نتیجے میں ایل پی جی کی فی کلوگرام قیمت 550 روپے کی بلند سطح سے کم ہو کر 480 سے 500 روپے فی کلوگرام پر آ گئی ہے۔ تاہم قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے باوجود صارفین کو اب بھی سرکاری مقررہ نرخ کے مقابلے میں 150 سے 200 روپے فی کلوگرام اضافی ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔
حکام کے مطابق قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ وزارت پٹرولیم کی جانب سے 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی بروقت درآمد اور تفتان بارڈر پر طویل عرصے سے رکے ہوئے سیکڑوں ایل پی جی باؤزرز کی کلیئرنس ہے۔ اس پیش رفت کے بعد لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی فراہمی معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے، جبکہ مزید سیکڑوں باؤزرز بھی کلیئرنس کے مراحل طے کر کے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ وزارت پٹرولیم نے ہنگامی بنیادوں پر ایل پی جی درآمد کی اور تفتان بارڈر پر پھنسے باؤزرز کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا، جس کے باعث اس وقت ملک میں ایل پی جی وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
رانا عبدالجبار کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کا توازن بہتر ہونے پر مارکیٹنگ کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے جس سے عام شہریوں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں سپلائی کی صورتحال مزید مستحکم ہونے کے ساتھ ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوگی۔

