بیجنگ: چین کے صوبے انہوئی میں ایک جدید الیکٹرک گاڑی نے رات بھر خودکار طریقے سے پارک ہونے کی 868 مرتبہ کوشش کر کے سیکیورٹی گارڈ سمیت سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا، جس کی دلچسپ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انوکھا واقعہ صوبہ انہوئی کی ایک عمارت کی بیسمنٹ پارکنگ میں رات تقریباً تین بجے پیش آیا۔ سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی خودکار نظام کے تحت بار بار آگے پیچھے ہوتی اور اپنی پارکنگ کی جگہ درست کرنے کی کوشش کرتی رہی۔ بیسمنٹ سے مسلسل غیر معمولی آوازیں آنے پر جب سیکیورٹی گارڈ موقع پر پہنچا تو ڈرائیونگ سیٹ پر کسی کو موجود نہ پا کر دنگ رہ گیا۔
گاڑی کے مالک کے مطابق گاڑی کے سسٹم ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے معلوم ہوا کہ رات بھر خودکار پارکنگ (آٹو پارکنگ) کا فیچر 868 مرتبہ فعال ہوا۔ بعض رپورٹس میں اس عجیب و غریب صورتحال کو گاڑی کے سافٹ ویئر کی تکنیکی خرابی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ کچھ رپورٹس میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ شاید مالک کی جانب سے موبائل ایپ کے ذریعے بار بار پارکنگ فیچر استعمال کیا گیا ہو، تاہم واقعے کی اصل وجہ تاحال حتمی طور پر سامنے نہیں آ سکی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک صارف نے صورتحال پر چٹکی لیتے ہوئے لکھا کہ اب تو گاڑی کو بھی وہم (او سی ڈی) کی بیماری لگ گئی ہے، ایسے میں انسان کہاں جائیں؟

