کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے وزن میں نمایاں کمی کے بعد اوزیمپک انجیکشن کے استعمال سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کا وزن کسی دوا کی وجہ سے نہیں بلکہ شوہر کے انتقال کے شدید غم کے باعث کم ہوا۔
شگفتہ اعجاز نے سوشل میڈیا صارفین کی قیاس آرائیوں پر وضاحت پیش کی۔ واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی کا کینسر کے عارضے کے باعث انتقال ہوا تھا، جس کے بعد اداکارہ کے جسمانی وزن میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور سوشل میڈیا پر یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک یا مونجارو انجیکشن کا سہارا لیا ہے۔
تاہم شگفتہ اعجاز نے واضح الفاظ میں کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی اوزیمپک استعمال نہیں کیا اور نہ ہی وہ وزن کم کرنے کے لیے انجیکشنز یا مخصوص چائے کے استعمال کی حمایت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صحت مند رہنے اور وزن گھٹانے کے لیے غذائی عادات میں مثبت تبدیلی اور باقاعدہ ورزش پر یقین رکھتی ہیں۔ شگفتہ اعجاز نے جذباتی انداز میں بتایا کہ شوہر کی جدائی کے صدمے اور شدید ذہنی دباؤ کے باعث ان کا وزن گھٹا ہے، لیکن وہ دعا گو ہیں کہ کسی بھی انسان کو زندگی میں ایسی تکلیف دہ کیفیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

