کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے لیے سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے کے خطیر معاوضے پر ڈائریکٹ سائن کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے اپنے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنانے کے لیے 35 سالہ کیوی فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن کو براہِ راست اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ لوکی فرگیوسن نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ٹیسٹ، 65 ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 176 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔
عالمی سطح پر مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی لوکی فرگیوسن ایک کامیاب اور خطرناک بولر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور اب تک مجموعی طور پر 225 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 257 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شیڈول کے مطابق تمام فرنچائزز کو 13 جنوری تک اپنے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانی ہوگی اور پلیئرز آکشن 23 جنوری کو منعقد ہوگا۔

